ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی سے لیپ ٹاپ او رٹیاب فراہم کرنے کی اسکیم پرروک، غریب طلبہ کے مفاد میں حکومت فیصلہ پر نظر ثانی کرے: عبدالواجد

بی بی ایم پی سے لیپ ٹاپ او رٹیاب فراہم کرنے کی اسکیم پرروک، غریب طلبہ کے مفاد میں حکومت فیصلہ پر نظر ثانی کرے: عبدالواجد

Mon, 24 Aug 2020 11:10:58    S.O. News Service

بنگلورو،24؍اگست(ایس او  نیوز) ایسے مرحلے میں جبکہ کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں رکی پڑی ہیں اور اس سلسلہ کو بحال کرنے کے متبادل کے طور پر آن لائن کلاسس کو ترجیح دی جا رہی ہے، سماج کا وہ طبقہ جس کے پاس اپنے بچوں کو لیپ ٹاپ اور ٹیاب خرید کردینے کی مالی طاقت نہیں ہے اس کی مدد کے لئے برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی)کی طرف سے شہر کے تمام 198وارڈوں میں لیپ ٹاپ اور ٹیاب مہیا کروانے کی ایک اسکیم شروع کی گئی تھی۔ اس سے غریب بچوں کو بھی آن لائن کلاسوں میں حصہ لینے میں کافی حد تک مدد مل جاتی۔ لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے غریب طلبہ کے فائدے کے لئے شروع کی گئی اس اسکیم کو روک دیاگیا ہے۔ بی بی ایم پی کے اپوزیشن لیڈر عبد الواجد نے ریاستی حکومت کے اس فیصلہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی میں غریب طلباء کی مدد کے لئے اس اسکیم کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا اور ہزاروں کی تعدادمیں طلبہ نے اس سے بہت فائدہ اٹھایا۔ اب ایسے مرحلے میں جبکہ تعلیمی سرگرمیاں آن لائن کلاسس کے ذریعہ شروع ہونے جا رہی ہیں بی بی ایم پی کی طرف سے شروع کی گئی اسکیم پر حکومت کی روک افسوسناک ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے گزارش کی ہے کہ وہ اس اسکیم پر روک لگانے کے فیصلہ پر نظر ثانی کریں تاکہ غریب طبقات سے وابستہ طلباء کو آن لائن کلاسس میں شرکت کرنے کے لئے وسائل دستیاب رہیں۔ محض لیاپ ٹاپ یا ٹیاب نہ ہونے کے نتیجے میں کوئی طالب علم کلاسس سے محروم نہ رہ جائے۔


Share: